20 نومبر، 2026، 8:04 PM

امریکہ کو فوجی اڈے فراہم کرنے والے حکمرانوں کا اسلامی دعویٰ منافقت ہے، امام جمعہ قم

امریکہ کو فوجی اڈے فراہم کرنے والے حکمرانوں کا اسلامی دعویٰ منافقت ہے، امام جمعہ قم

امام جمعہ قم آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا ہے کہ جو اسلامی ممالک امریکہ کو اپنے فوجی اڈے فراہم کرتے ہیں اور مظلوم مسلمانوں کے خلاف کارروائیوں میں امریکہ اور اسرائیل کا ساتھ دیتے ہیں، وہ حقیقی مسلمان نہیں، بلکہ منافق ہیں اور کافروں سے بھی بدتر ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید محمد سعیدی نے مصلیٰ قدس قم المقدسہ میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ بعض ممالک اسلام کا نام تو لیتے ہیں، لیکن اپنے وسائل اور فوجی اڈے امریکہ اور اسرائیل کے اختیار میں دے دیتے ہیں۔ ایسے ممالک نہ صرف مظلوم مسلمانوں کو تنہا چھوڑ رہے ہیں، بلکہ ظالم قوتوں کی مدد بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو حکمران خود کو حرمین شریفین کا خادم کہتے ہیں، لیکن یمن کے عوام پر ظلم کرتے ہیں، اسی طرح جو ممالک غزہ اور لبنان کے مظلوم عوام کی حمایت کرنے کے بجائے اسرائیل کا ساتھ دیتے ہیں، ان کا اسلامی دعویٰ محض نام تک محدود ہے۔

آیت اللہ سعیدی نے مزید کہا کہ حقیقی مسلمان وہ ہے جو اللہ تعالیٰ کا فرمانبردار ہو، نہ کہ امریکہ اور اسرائیل کا تابع دار۔ اگر یہ حکمران واقعی رسول اکرمؐ کے پیروکار ہوتے تو کفار کے مقابلے میں سخت اور آپس میں ایک دوسرے کے لیے مہربان ہوتے۔

آیت اللہ سعیدی نے ہفتۂ بسیج کی مناسبت سے کہا کہ امام خمینیؒ نے 1358 ہجری شمسی میں بسیجِ مستضعفین کی بنیاد رکھی۔ بسیج ایک عوامی قوت ہے جس نے دفاعِ مقدس کے دوران فوج اور سپاہ کے ساتھ مل کر اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ تعمیر و ترقی، قدرتی آفات اور دیگر مشکلات کے دوران بھی بسیجیوں نے عوام کی خدمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بسیج محض ایک تنظیم نہیں بلکہ ایک سماجی ثقافت ہے، جس کی بنیاد ملک کے مستقبل کے حوالے سے احساسِ ذمہ داری، مسائل کے حل کے لیے آمادگی اور ذاتی مفادات پر اجتماعی مفادات کو ترجیح دینے پر ہے۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے اس عوامی قوت سے فائدہ اٹھائے۔

امام جمعہ قم نے حضرت ام البنینؑ کی وفات اور شہداء کی ماؤں اور بیویوں کے احترام کے دن کی مناسبت سے کہا کہ حضرت ام البنینؑ نے دین اور امام حسینؑ کی حمایت میں اپنے چار بیٹوں کو قربان کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی بہادری کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ، بالخصوص ماؤں اور بیویوں کی قربانیوں اور صبر کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی یاد منانے کا مقصد صرف تقریبات منعقد کرنا نہیں بلکہ نئی نسل کو ان کے مقاصد اور راستے سے آگاہ کرنا بھی ہے۔

آیت اللہ سعیدی نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی وفات پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک صاحبِ ایمان عالم کی وفات سے اسلام میں ایسا خلا پیدا ہوتا ہے جسے کوئی چیز پُر نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ اہل بیتؑ کی تعلیمات کے تحفظ اور خاندانِ رسالت سے محبت کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتے تھے۔ بالخصوص ایامِ فاطمیہ کی یاد منانے اور حضرت فاطمہ زہراؑ کے یومِ شہادت پر سرکاری تعطیل کی تجویز پیش کرنے میں ان کا اہم کردار تھا۔ ان کے علمی دروس اور تصانیف بھی دنیا کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔

News ID 1943002

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha